Press Release Details

Print

12th August 2009

Participation of Mr. Speaker Rana Muhammad Iqbal Khan in the Pakistan Independence Day ceremony

صوبائی اسمبلی پنجاب

 

لاہور۔(پریس ریلیز) 12 اگست 2009

 

سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے لندن میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں مقیم پاکستانیوں کے دل دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ 14اگست ہمارے آباوٴاجداد کی قربانیوں کی یاد گار اور وطن عزیز کا یوم آزادی ہے۔ ہمارا پیارا وطن جنت کا نمونہ ہے۔اس کا چپہ چپہ ہمیں عزیزہے۔ یہاں بھائی چارے کی فضا کو بلند کرنا ہے۔ جسے حاصل کرتے وقت قوم نے پاکستان کا مطلب کیالا الہ الا اللہ کانعرہ بلند کیا جذبہ اتنا طاقتور اور سچا تھا کہ انگریز کی مکروہ چال اور ہندوٴں کی منافقت کے باوجود پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر آیا۔ہم پاکستان کے باسی ہیں اور پاکستان ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے ۔یہ خواب بر صغیر کے مسلمانوں نے دیکھا جسے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت نے حقیقت کا روپ دیا۔قائد اعظم نے چودہ نکات کا اعلان کیا تاکہ مسلم مفادات کا تحفظ ہو سکے۔ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کے لیے اپنی پرسوز شاعری اور اسلامی فلسفہ کے ذریعے نئی روح پھونکی۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی زندہ دلی کا احساس ان کے رویوں سے ہوتا ہے جو وہ اپنے قومی تہوار پر مناتے ہیں ۔زندہ قومیں اپنی فتح کے یاد گار لمحات بے حد پر جوش طریقے سے مناتی ہیں۔بطور پاکستانی ہمیں اپنا یوم آزادی بھر پور طریقے سے منانا چاہیے۔لیکن اس کے ساتھ ساتھ مجبور اور لاچار لوگوں کو بھی یاد رکھیں جن کی نظریں ملک و قوم پر لگی ہوئی ہیں۔ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہی نے ہمیں عزت اور تحفظ بخشا ہے۔ہماری اور ہمارے بچوں کی زندگیاں بھی اس پر قربان ہوں۔ میری دعا ہے کہ پیارا وطن تا قیامت قائم و دائم رہے۔ یوم آزادی دراصل تجدید عہد کا دن ہے۔یہ وطن نظریاتی بنیادوں پر معرض وجود میں آیا کیا ہم ان نظریات کی پاسداری کر رہے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے پیارے وطن کے باسیوں کو جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کے دن عزم کرتے ہیں کہ ہر صورت میں وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لیے کردار ادا کریں گے۔ملک سے جہالت ‘ غربت ‘ بد عنوانیوں اور دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ خدا کرے وطن عزیز خوشحالی اور امن کا گہوارہ رہے۔14اگست کے اس عظیم دن کی مناسبت سے آئیے ہم سب مل کر صدق دل سے یہ عہد کریں کہ ملکی استحکام کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں گے اور ملک کو خوشحال ‘ تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم بنانے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں گے۔

 

 

)عبد القہار راشد(

 

افسر تعلقات عامہ

 

فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750

 

موبائل نمبر:0300-4284607